آج سے خیبر پختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان، محکمہ موسمیات

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ یہ سلسلہ آج سے 19 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سےبحیرہ عرب سے درمیانی شدت کی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخو ا میں  16سے 19 ستمبر کے دوران دیر، چترال، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکند اور کوہاٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

کشمیر و گلگت بلتستان میں 15 سے 19 ستمبرکے دوران کشمیر میں راولا کوٹ، ہٹیاں بالا، کوٹلی، بھمبر، میرپور اور ملحقہ علاقوں میں تیز بارشیںہو سکتی ہیں۔ جبکہ گلگت بلتستان کے علاقوں دیامر، استور، غذر، سکردو، گلگت، گانچھے اور شگر میں بارش متوقع ہے۔

اسلام آباد اور پنجاب میں 16 سے 19 ستمبر کے دوران راولپنڈی، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، لاہور، فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ سمیت وسطی پنجاب کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بانی سے سیلاب کے باعث ملاقات نہ ہو سکی، علی امین گنڈا پور نے حقائق سامنے رکھ دیے

سندھ و بلوچستان سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ ساحلی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی جزوی ابر آلود اور مرطوب موسم متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی بارش کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Scroll to Top