بنوں: بنوں کے علاقے تھانہ منڈان میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 4 بین الاضلاعی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان سے اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد کر لیے ہیں۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
تھانہ منڈان پولیس کو اطلاع ملی کہ کچھ ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے علاقے میں موجود ہیں، جس پر ایس ایچ او عصمت اللہ خان اور ان کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچے۔
پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے اختتام پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 بین الاضلاعی ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عبداللہ ولد قاری عطاء اللہ، جسیم ولد محمد کابل، فہیم ولد فرمان اللہ اور خامد خان ولد خانباز خان کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ ملزمان متعدد تھانوں میں قتل کے مقدمات اور سرقہ بالجبر سمیت دیگر جرائم میں مطلوب تھے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین نے نجکاری اور پنشن اصلاحات کے خلاف احتجاج کا عندیہ دے دیا
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، دو پستول، ایک بندوق، تین مسروقہ موٹر سائیکلیں اور چار مسروقہ موبائل فون برآمد کیے ہیں۔
ان ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہو گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ بنوں پولیس جرائم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ضلع کو پرامن اور خوشحال بنایا جا سکے۔





