خیبر پختونخوا حکومت کا بدعنوانی کیخلاف بڑا اقدام ، مالیاتی شفافیت کیلئے اہم فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت کا بدعنوانی کیخلاف بڑا اقدام ، مالیاتی شفافیت کیلئے اہم فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں بدعنوانی کی روک تھام اور مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (TMAs) کے مالی معاملات کی جامع جانچ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں لوکل کونسل بورڈ نے صوبے بھر کے تمام ٹی ایم ایز سے مالی سال 2024-25 کے دوران ہونے والے اخراجات اور وصولیوں کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں، تاکہ مالیاتی نظم و ضبط کو مؤثر بنایا جا سکے۔

جاری کردہ مراسلے میں تمام ٹی ایم ایز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مالیاتی ریکارڈز پر بروقت اکاؤنٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا کے ساتھ مفاہمت مکمل کریں، تاکہ حسابات کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مراسلہ صرف ٹی ایم ایز تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کی کاپیاں ڈائریکٹر جنرل میٹروپولیٹن حکومت پشاور، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں، تاکہ نگرانی کا عمل مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق، یہ اقدام صوبے میں بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کا تسلسل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کو مالیاتی نظم و ضبط اور جوابدہی کے اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

Scroll to Top