انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے باضابطہ طور پر پاکستان کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل(جیو نیوز)کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت سنجیدگی سے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کر رہا ہے اور اس حوالے سے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی اہم حکومتی عہدیداران سے آج مشاورت متوقع ہے۔
پی سی بی کا مؤقف ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کا طرز عمل پاک بھارت میچ کے دوران متنازعہ رہا، خصوصاً ’’ہینڈ شیک‘‘ کے معاملے نے شکوک و شبہات کو جنم دیا، جس کے بعد پاکستان نے باقاعدہ طور پر ان کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ شب پی سی بی کو مطلع کیا کہ ان کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ اس کے ردعمل میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے ایشیا کپ سے ممکنہ دستبرداری کا عندیہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جلد باضابطہ ردعمل جاری کرے گا، اور ایشیا کپ کے حوالے سے آئندہ چند گھنٹوں میں حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ اگر پاکستان کا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو ٹیم ایشیا کپ سے دستبردار ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب پاک بھارت میچ کے بعد ’’ہینڈ شیک‘‘ نہ کرنے پر سوشل میڈیا اور کھیلوں کے حلقوں میں سوالات اٹھنے لگے، جس کے بعد پاکستان نے میچ ریفری کو ہٹانے کا باضابطہ مطالبہ کیا۔





