اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سہ ملکی سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جس کے دوران وہ سعودی عرب، برطانیہ اور امریکا کا دورہ کریں گے۔
پہلے مرحلے میں وزیراعظم آج سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں ان کی ملاقات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے طے ہے۔ باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔
سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ روانہ ہوں گے۔ برطانیہ میں ان کی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم 21 ستمبر کو برطانیہ سے امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں وہ مسئلہ فلسطین، کشمیر اور عالمی معاشی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے ساف انڈر 17 چیمپئن شپ میں بھوٹان کو 4-0 سے شکست دے دی
اس کے علاوہ وزیراعظم کی 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق دو ریاستی حل کی سربراہ کانفرنس میں شرکت بھی متوقع ہے۔
وزیراعظم کی امریکی قیادت سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔





