اسلام آباد: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی قسم کا آپریشن نہیں ہو رہا، پارٹی کے چند ناراض افراد یا تو کسی سنڈریلا لینڈ میں رہ رہے ہیں یا جان بوجھ کر غلط بیانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھی آپریشن سے متعلق غلط معلومات فراہم کی گئی ہیں، جس کی بنیاد پر انہوں نے بیان دیا۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا میں خود خیبرپختونخوا کی حکومت کا ذمہ دار نمائندہ ہوں، مجھے کے پی کی تمام صورتحال کا بخوبی علم ہے۔ میرے علم میں ایسا کوئی آپریشن نہیں ہو رہا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ خواب دیکھ رہے ہیں کہ آپریشن ہو رہا ہے، وہ یا تو خیالات کی دنیا میں رہ رہے ہیں یا جان بوجھ کر پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا عمران خان صاحب سے جو آپریشن سے متعلق بات کہلوائی گئی ہے، وہ غلط معلومات کی بنیاد پر ہے۔
میں یہ بات نہ صرف عوام کے سامنے کر رہا ہوں بلکہ جب خان صاحب سے ملاقات ہوگی تو ان سے براہِ راست بھی کہوں گا کہ آپ کو مس انفارم کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ عمران خان کو ایسی اطلاعات دے رہے ہیں وہ نہ صرف خان صاحب بلکہ پارٹی اور اس کی حکومت کو بھی Undermine کر رہے ہیں۔
جو ٹویٹس آتی ہیں، ظاہر ہے وہ خود خان صاحب نہیں کرتے، وہ پیغام کسی اور کو دیتے ہیں۔ اگر کسی نے اس پیغام کو manipulate کر کے آپریشن کی بات باہر دی ہے، تو وہ سراسر غلط بیانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں ہوید پولیس اسٹیشن پر شدت پسندوں کا حملہ، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی جاری
بیرسٹر سیف نے بعض سوشل میڈیا صارفین اور ناقدین پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا اڈیالہ جیل جانا کسی دباؤ کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک پرامن احتجاج کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا جو یہ سمجھ رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کسی کے دباؤ پر اڈیالہ گئے ہیں، اسے اپنی Immature سوچ پر شرمندہ ہونا چاہیے۔
بیرسٹر سیف نے سوشل میڈیا پر جعلی یا نقاب پوش اکاؤنٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا چند لوگ ایسے دعوے کر رہے ہیں جن میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ اپنے اصل نام سے سامنے آئیں۔
کوئی نقاب پہن کر بیٹھا ہے، کسی نے اپنا نام روبن ہوڈ رکھا ہوا ہے اور کسی نے چی گویرا۔ ایسے لوگوں کی نہ ہمیں پروا ہے اور نہ ان کے دباؤ کی کوئی حیثیت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کی ملاقات نہیں ہو جاتی۔





