خیبرپختونخوا نے سیلاب ریلیف میں پنجاب کو پیچھے چھوڑ دیا، مشیر خزانہ مزمل اسلم نےاعدادوشمار سامنے رکھ دیئے

خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے سیلاب ریلیف اقدامات نے پنجاب حکومت کو بھی جگا دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب شہدا کے لیے 20 لاکھ روپے کا پیکج دیا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ سیلاب متاثرین میں زخمی افراد کے لیے 5 لاکھ روپے کا پیکج مختص کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کا اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ راشن کی فراہمی کے سلسلے میں بھی خیبرپختونخوا حکومت نے ہر گھرانے کو 15 ہزار روپے فراہم کیے ہیں، جب کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اس کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

مزمل اسلم نے مزید بتایا کہ مکمل تباہ شدہ گھروں کے لیے دونوں صوبوں نے 10 لاکھ روپے کا پیکج رکھا ہے تاہم جزوی تباہ شدہ گھروں کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے 3 لاکھ روپے جبکہ پنجاب حکومت نے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

سیلاب متاثرہ دکانوں کا معاوضہ خیبرپختونخوا حکومت 5 لاکھ روپے دے رہی ہے جبکہ پنجاب کی طرف سے اس کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ریت بھرے گھروں کے لیے خیبرپختونخوا حکومت 1 لاکھ روپے کا معاوضہ دے رہی ہے، پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی رقم فراہم نہیں کی گئی۔

مزمل اسلم نے کہا کہ سیلاب سے ہلاک ہونے والے مویشیوں کے معاوضے کے لیے بھی کابینہ سے جلد منظوری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت سیلاب سے تباہ شدہ فصلوں کے لیے زرعی پیکج بھی متوقع ہے جبکہ پنجاب حکومت نے زرعی پیکج کے طور پر صرف 20 ہزار روپے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سزاؤں کا اتوار بازار ختم ہونا چاہیے،چیئرمین پی ٹی آئی

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے متاثرین کی مدد کے لیے کافی رقم ادا کر دی ہے جبکہ پنجاب حکومت ابھی تک اس معاملے پر فیصلہ کرنے میں تاخیر کر رہی ہے۔

Scroll to Top