پشاور میں سرکاری گاڑی میں سواریاں بٹھانے کے معاملے پر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخواکے ڈائریکٹر بحالی کو معطل کردیا گیا۔
غضنفر وسیم کنڈی کو 120 دن کے لیے معطل کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی تھی اور کمیٹی سفارشات پر ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو معطل کیا گیا۔
تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم اے میں تعینات ڈائریکٹر بحالی غضنفر وسیم کنڈی کو 120 دنوں کے لیے معطل کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک سرکاری گاڑی کو پرائیوٹ ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔
ویڈیو بنانے والے شخص کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ یہ شخص سرکاری گاڑی میں فی کس ایک ہزار روپے لے رہا ہے، اس دوران اس نے گاڑی کے چاروں اطراف سے ویڈیو بھی بنائی۔
ویڈیو بنانے والے شخص نے گاڑی میں بیٹھے ڈرائیور سے پوچھا کہ آپ کس طرح سرکاری گاڑی میں کس طرح سواریاں بٹھاسکتے ہیں؟جس پر ڈرائیور نے جواب دیا کہ میں ذاتی پیٹرول خرچ کررہا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: یو اے ای کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا کہ میں خود بھی سرکاری ملازم ہوں اور میں جانتا ہوں آپ کو پیٹرول سرکار سے ملتا ہے اور یہ سواریاں بٹھانے کے لیے استعمال نہیں کرسکتے۔





