وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد نے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے

ریاض : پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے 17 ستمبر 2025 کو مملکت سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا جہاں ولی عہد و وزیر اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ریاض کے ال یمامہ پیلس میں پرتپاک استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کے ایک باضابطہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں دونوں ممالک کے تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات، دفاعی تعاون، اور مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط بھائی چارے اور اسلامی یکجہتی کو مدنظر رکھتے ہوئے، دونوں رہنماؤں نے ایک تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ (SMDA) پر دستخط کیے۔

اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں باہمی دفاع کو یقینی بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت، اگر کسی ایک ملک پر حملہ کیا گیا تو اسے دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سمیت سعودی قیادت کے لیے مسلسل ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صحت اور پاکستان کی ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Scroll to Top