سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے(SMDA) پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو مستحکم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں مشترکہ دفاع اور تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر جارحیت ہوتی ہے تو اسے دونوں ممالک کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس معاہدے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قصر یمامہ میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کی جہاں انہیں گھڑ سوار دستے کے ذریعے شاہی انداز میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے بھی وزیراعظم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
سعودی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ میں صائم ایوب نےصفر پر آؤٹ ہونے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی
پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔





