ملک بھر میں سونے کی نئی قیمت جاری، فی تولہ کتنا ہو گیا؟جانئے

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 88 ہزار 600 روپے پر برقرار رہی جبکہ 10 گرام سونا بھی 3 لاکھ 33 ہزار 161 روپے پر مستحکم رہا۔

دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتوں نے حالیہ دنوں میں تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔ سرمایہ کار مالیاتی منڈیوں میں پیدا ہونے والے خطرات کے پیش نظر اپنے سرمائے کے تحفظ کے لیے سونے کی جانب تیزی سے متوجہ ہو رہے ہیں۔

گزشتہ ایک سال کے دوران سونے کی قیمت میں تقریباً ایک تہائی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ مالیاتی ادارے گولڈ مین سیکز نے اپنی تازہ رپورٹ میں پیش گوئی کی ہے کہ اگر موجودہ عالمی حالات میں غیر یقینی کا سلسلہ جاری رہا تو سونے کی قیمت چار ہزار ڈالر فی اونس سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، جاری عالمی تنازعات، معاشی بحران اور بڑھتے ہوئے خطرات نے سرمایہ کاروں کو روایتی اور زیادہ خطرناک اثاثوں سے ہٹ کر محفوظ سرمایہ کاری کے ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ان حالات میں سونا سب سے محفوظ پناہ گاہ تصور کیا جا رہا ہے۔

ایک مالیاتی ماہر نے کہا کہ’’مارکیٹس کے لیے سب سے بڑا خطرہ غیر یقینی ہوتی ہے، اور جب حالات قابو سے باہر ہوں تو سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح سونا ہی بن جاتا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ساڑھے تین ہزار ڈالر کے قریب پہنچ چکی ہے، جو عالمی مالیاتی ماحول میں عدم استحکام کی عکاسی ہے۔

Scroll to Top