شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوتوں کی یاد میں پشاور میں ایک پروقار تقریب کی گئی۔
تقریب کا مقصد ان شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔
جی او سی میران شاہ میجر جنرل عادل افتخار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، تقریب میں پشاور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میجر جنرل عادل افتخار نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء نے وطن عزیز کے دفاع اور سالمیت کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
جی او سی میجر جنرل عادل افتخار نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کے لواحقین ایثار، قربانی اور جذبہ ایمانی کی زندہ مثال ہیں۔
تقریب میں شہداء کے لواحقین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیاروں کی قربانی پر فخر محسوس کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ شہداء اور غازی ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں جن کی بدولت آج وطن میں امن قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دفاعی معاہدہ امن اور بھائی چارے کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے، مولانا فضل الرحمن
تقریب کے دوران وطن سے محبت، جذبہ حب الوطنی اور پاک فوج سے عقیدت کے مناظر دیدنی تھے، شرکاء کو پاک فوج کی جانب سے شہداء کے لواحقین کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف خصوصی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔





