اسلام آباد: گھریلو آر ایل این جی کنکشن حاصل کرنے کے خواہشمند صارفین اب سوئی گیس کمپنیز کی سرکاری ویب سائٹس اور موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کروا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق، گھریلو صارفین کو آر ایل این جی کنکشن کی فراہمی سے متعلق جائزہ اجلاس وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں آر ایل این جی کنکشنز فراہم کرنے کے جامع روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایم ڈی سوئی گیس کمپنیز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے سال کے دوران نئے آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کے لیے بڑا ہدف مقرر کیا جائے گا۔
وزیر پیٹرولیم نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مضبوط اور صارف دوست میکانزم تیار کیا جائے تاکہ درخواست دینے اور کنکشن حاصل کرنے کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کی سستی توانائی کی فراہمی سے متعلق عوامی خواہشات کو پورا کرنے کی جانب حکومت کا اہم قدم ہے۔
ان کے مطابق آر ایل این جی، ایل پی جی کے مقابلے میں 30 فیصد سستی اور گھریلو استعمال کے لیے نسبتاً محفوظ ایندھن ہے۔
سرکاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صارفین سوئی کمپنیز کی سرکاری ویب سائٹس اور موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکیں گے جبکہ مقامی دفاتر میں بھی درخواستیں جمع کرائی جا سکیں گی۔
وزیر پیٹرولیم نے دونوں سوئی کمپنیز میں پراجیکٹ مینجمنٹ آفس قائم کرنے کی ہدایت کی، جو درخواست کے اندراج سے لے کر کنکشن کی فراہمی تک تمام مراحل کی نگرانی کریں گے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ عوامی شکایات کا فوری تدارک کیا جائے تاکہ سہولت کی فراہمی میں شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے۔





