سی ٹی ڈی کی ضلع خیبرمیں بڑی کارروائی

محکمہ انسدادِ دہشت گردی خیبرپختونخوا (سی ٹی ڈی) نے ضلع خیبر میں فتنۂ خوارج کے خلاف ایک بڑی کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی جس میں بتایا گیا تھا کہ داعش خراسان (ISKP) کا مقامی کمانڈر فضل نور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لالہ چینہ دوسار کے علاقے علی مسجد پر کسی بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

سی ٹی ڈی کی ٹیم دیگر نفری کے ہمراہ فوراً موقع پر پہنچی جہاں دہشت گردوں نے فوراً ہی سی ٹی ڈی پر فائرنگ شروع کر دی۔سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی فوری جوابی کارروائی کی،دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 30 منٹ تک جاری رہا۔

فائرنگ رکنے کے بعد جب علاقے کو کلیئر کیا گیا تو تین دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک پائے گئے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت محمد نعیم عرف عبدالناصر، محمد کریم (دونوں ساکنان کرک) اور نور نبی (سکنہ ننگرہار، افغانستان) کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق محمد نعیم اور محمد کریم چمکنی میں ہونے والے خودکش دھماکے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین ایس ایم جیز، بارہ میگزین، 135 کارتوس اور تین بنڈولیئر بھی برآمد ہوئے۔ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ISKP کا مقامی کمانڈر فضل نور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: بھارت کا عمان کو بڑا ہدف

فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جس میں سی ٹی ڈی کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔

Scroll to Top