اگر امن نہیں ہوگا تو معیشت نہیں سنبھلے گی، ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی اور معاشی بحرانوں کا حل قومی سطح پر باہمی اعتماد اور اداروں کی جانب سے عوامی فیصلوں کے احترام میں ہے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورا خطہ ترقی کی جانب گامزن ہے، لیکن پاکستان مسلسل معاشی زوال کی طرف بڑھ رہا ہے، جو انتہائی تشویش ناک ہے۔جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں میثاق پاکستان کا ایک ہی آئین ہے، لیکن یہاں جب چاہا جاتا ہے، اس آئین کی شکل تبدیل کر دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضیاء الحق کے مارشل لا کے دور سے جمہوریت کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں اور آج بھی وہی جدوجہد جاری ہے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے زور دیا کہ اگر سیاست دان استقامت کا مظاہرہ کریں اور ادارے عوامی فیصلوں کو قبول کریں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق سیاسی عدم استحکام اور ادارہ جاتی مداخلت نے نظام کو کمزور کر دیا ہے، جسے درست کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن ملکی سلامتی کے معاملے پر تمام قوتوں کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔مولانا کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں امن قائم نہیں ہوتا تو معاشی بہتری ممکن نہیں، اس لیے تمام ریاستی و سیاسی اداروں کو قومی مفاد میں متحد ہونا ہو گا۔

Scroll to Top