خیبرپختونخوا میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے ایک اہم اور جدید قدم اٹھاتے ہوئے عالمی معیار کے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا فیصلہ کر لیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن جائے گا جہاں اس نوعیت کی جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
نجی ٹی وی چینل(آج نیوز)کے مطابق منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ابتدائی مرحلے میں ایم ون موٹروے پر پشاور، نوشہرہ اور ایبٹ آباد میں چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔ ان اسٹیشنز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو محفوظ، تیز اور جدید سہولیات میسر ہوں۔
منصوبے کے تحت چین کی مختلف نجی کمپنیاں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے بڑے بزنس گروپس نے ان کمپنیوں سے باقاعدہ رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی اس منصوبے میں شراکت داری کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ منصوبے کو تیزی سے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
دوسری جانب وزارت توانائی نے منصوبے کے انتظامی و تکنیکی امور کو جلد مکمل کرنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دے دیا ہے، جو تمام مراحل کی نگرانی اور عمل درآمد کو یقینی بنائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں مدد دے گا بلکہ صوبے کو ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے نئے دور میں داخل کرے گا۔ الیکٹرک وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر کی فراہمی مستقبل کے ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایک انقلابی قدم ثابت ہو گی۔





