اسلام آباد: سینئر صحافی محمد فہیم نے سینیٹر نورالحق قادری اور صوبائی وزیر عدنان قادری سے مشن نور کی تشریح کا مطالبہ کردیا۔
سوشل میڈیا پرجاری بیان میں محمد فہیم کا کہنا تھاکہ مشن نور کے حوالے سے جید عالم دین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر پیر نورالحق قادری اور جید عالم دین و صوبائی وزیر مذہبی امور عدنان قادری اگر اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اس معاملے کی تشریح کریں تو پی ٹی آئی قیادت سمیت عوام کے کئی خدشات دور ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ’مشن نور‘ کی کوئی باضابطہ تنظیمی حیثیت نہیں بلکہ یہ مہم سوشل میڈیا پر سرگرم نوجوانوں اور کارکنوں کی ایک خود ساختہ کاوش ہےجس کا مقصد موجودہ سیاسی صورتحال اور انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف پرامن علامتی احتجاج کرنا بتایا گیا ہے۔
مہم کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ صرف آذان کے ذریعے ایک پرامن آواز اٹھانے کا عمل ہے جس میں نہ کوئی مارچ ہوگا، نہ احتجاج بلکہ یہ ایک روحانی اظہار ہے جو امید اور اتحاد کا پیغام دے گا۔
تاہم مذہبی حلقوں اور بعض سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’نور‘ جیسا مقدس نام اور 20 ستمبر جیسی حساس تاریخ کسی بھی متنازعہ پس منظر کے بغیر استعمال نہیں کی جا سکتی کیونکہ اس سے مذہبی جذبات مجروح ہو سکتے ہیں اور قادیانی عقائد سے غیر ارادی مماثلت پیدا ہو سکتی ہے۔
کچھ افراد نے تجویز دی ہے کہ اگر اس نوعیت کی کوئی مہم چلانی ہے تو اس کے لیے ایسا نام اور تاریخ اختیار کی جائے جو مذہبی یا تاریخی حوالے سے متنازع نہ ہو، تاکہ جماعت، کارکنان اور عام عوام کسی ممکنہ فتنے یا فکری الجھن سے محفوظ رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا جمیل اظہر وتھرا کا دوٹوک مؤقف: ’’مشن نور‘‘ سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں
پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں میں اس معاملے پر اختلاف رائے نمایاں ہو چکا ہے اور یہ مہم اب سیاسی جماعت کے لیے ایک نئے امتحان کی شکل اختیار کر چکی ہے۔





