رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج رات کو ہو گا

رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج رات کو ہو گا

رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج رات 21 اور 22 ستمبر کی درمیانی شب کو رونما ہو گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ ایک جزوی سورج گرہن ہو گا، تاہم یہ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 30 منٹ پر ہو گا، جبکہ اس کا عروج رات 12 بج کر 42 منٹ پر ہو گا۔ گرہن کا اختتام 22 ستمبر کو رات 2 بج کر 55 منٹ پر متوقع ہے۔

یہ سورج گرہن بحر الکاہل (Pacific)، بحرِ اوقیانوس (Atlantic)، انٹارکٹیکا اور آسٹریلیا کے بعض علاقوں میں دیکھا جا سکے گا، جہاں جزوی طور پر سورج کا کچھ حصہ چاند کے زیرِ سایہ آئے گا۔

ماہرین کے مطابق سورج گرہن ایک قدرتی فلکیاتی مظہر ہے جو اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند، زمین اور سورج کے درمیان آجاتا ہے اور سورج کی روشنی زمین تک جزوی یا مکمل طور پر نہیں پہنچ پاتی۔

واضح رہے کہ رواں سال کا پہلا سورج گرہن اپریل میں ہوا تھا، اور اب یہ دوسرا گرہن بھی دنیا کے بعض حصوں میں فلکیاتی دلچسپی کا باعث بنے گا۔

Scroll to Top