خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی (KPCETA) نے پاشا (P@SHA) 2025 ایوارڈز میں گولڈ ایوارڈ اپنے نام کر کے قومی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔ اس ایوارڈ کے لیے 1633 اداروں میں سے کے پی ٹورازم اتھارٹی کو سب سے نمایاں اور بااثر ادارہ قرار دیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق محکمہ ثقافت، سیاحت اور آثارِ قدیمہ کے مطابق، یہ اعزاز’’کائیٹ پراجیکٹ‘‘ کے تحت تیار کی گئی جدید ڈیجیٹل ٹورازم ایپ کی بدولت حاصل ہوا، جس نے خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے عالمی معیار کی بنیاد رکھی۔
پاشا 2025 ایوارڈز میں نادرا کا ’’ای سہولت‘‘ اور KPK IT بورڈ کی ’’دستک ایپ‘‘ کو رنر اپس کا درجہ دیا گیا۔
اس موقع پر سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا’’یہ کامیابی خیبرپختونخوا کی ڈیجیٹل ترقی اور سیاحت کے میدان میں جدت کی عکاسی ہے۔ ہمارے اقدامات نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر سراہے جا رہے ہیں۔ یہ ڈیجیٹل مستقبل کی بنیاد ہے اور صوبے کے لیے ایک سنگِ میل ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کے وژن اور کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی محنت کو قومی سطح پر جو پذیرائی ملی ہے، وہ قابلِ فخر ہے۔
یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ خیبر پختونخوا نہ صرف قدرتی حسن میں مالا مال ہے، بلکہ اب ڈیجیٹل میدان میں بھی سیاحت کے فروغ میں صف اول پر آ چکا ہے۔





