ایشیا کپ2025 کا بڑا ٹاکرا آج! پاکستان بمقابلہ بھارت، میچ کتنے بجے شروع ہوگا؟جانئے

ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کا سب سے بڑا اور ہائی وولٹیج مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 7 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اس سے قبل گروپ اسٹیج میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، تاہم پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور عمان کو شکست دے کر نہ صرف سپر فور میں جگہ بنائی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بھی مضبوط کی۔

شائقین کرکٹ ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں، اور اس میچ کی خاص بات نہ صرف دونوں ٹیموں کی تیاری بلکہ میدان سے باہر کی صورتحال بھی ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آج کے میچ میں متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ فرائض انجام دیں گے وہی ریفری جن کے فیصلوں پر گزشتہ میچ کے بعد سوالات اٹھائے گئے تھے۔ اس تناظر میں یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ کیا دونوں کپتان ٹاس کے موقع پر روایتی مصافحہ کریں گے؟ اور کیا میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز ایک دوسرے سے ہاتھ ملائیں گے؟ اس کا جواب ٹاس کے وقت سامنے آ جائے گا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کا آغاز گزشتہ روز سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے ہوا، جس میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی۔

آج کے بڑے میچ میں کروڑوں شائقین کی نظریں دبئی کے میدان پر جمی ہوئی ہیں، جہاں نہ صرف پوائنٹس بلکہ فخر، وقار اور ایشیائی کرکٹ کی برتری داؤ پر لگی ہے۔

Scroll to Top