عالمی برادری اسرائیل اور بھارت کے مظالم پر خاموش تماشائی نہ بنے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف بندوقوں کی خاموشی کا نام نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور باہمی احترام پر مبنی ایک جامع تصور ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل اور بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور مظالم کا فوری نوٹس لے کیونکہ یہ دونوں ممالک کی ریاستی کارروائیاں نہ صرف متعلقہ خطوں بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن چکی ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی افواج کے مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت انسانیت کے ضمیر پر بدنما داغ ہیں جنہیں عالمی برادری مزید نظرانداز نہیں کر سکتی، یہ مظالم صرف علاقائی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تقاضوں کے خلاف ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے رواں سال کے یومِ امن کے تھیم کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے اور ظالم قوتوں کے ہاتھ روکے جانے چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے فروغ کیلئے آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا امن خوشحالی کی بنیاد ہے جب امن نہ ہو تو نہ انصاف ممکن ہوتا ہے اور نہ ہی جمہوریت پنپ سکتی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے بانیان، پارٹی کے شہداء اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے والوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان عظیم شخصیات نے ایک باوقار، منصف اور پرامن ریاست کے قیام کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاکستان کی بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ انتہاپسندی، غربت اور عدم مساوات جیسے عوامل پائیدار امن کیلئے شدید خطرہ ہیں خاموشی یا جبر کے ذریعے امن قائم نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے، محروم طبقات کو بااختیار بنایا جائے اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔

Scroll to Top