وزیراعظم پاکستان کی بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش

لندن میں اوورسیز پاکستانیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھارت کو ایک بار پھر برابری کی بنیاد پر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر امن کے لیے عزت، وقار اور مساوات ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، اور اس حوالے سے کئی بار بھارت کو شفاف تحقیقات کی پیشکش کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس واقعے پر عالمی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 6 مئی کے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے پاکستان پر حملہ کر کے 54 بے گناہ شہریوں کو شہید کیا، جس کے بعد پاکستان نے فوری اور بھرپور جواب دے کر دشمن کو ’’ایسا سبق سکھایا جو وہ زندگی بھر نہیں بھولے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگی صورتحال میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا، اور قوم نے بے مثال اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

تقریب میں سمندر پار پاکستانیوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے سچے سفیر ہیں، جو دنیا بھر میں محنت و دیانتداری سے رزق حلال کماتے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال سمندر پار پاکستانیوں نے 38 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھیجیں، جو ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو عظیم بنانے کا عزم رکھتے ہیں، اور جلد قرضوں سے نجات حاصل کرکے خودمختار معیشت کی طرف گامزن ہوں گے۔

Scroll to Top