پشاور :آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کے سینیئر وائس چیئرمین طارق جمال نے جمعرات کے روز پشاور پریس کلب میں آرٹسٹوں کی جانب سے پشاور کے مختلف روڈوں پر خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدگان کے لیے اکٹھا کیا گیا پانچ لاکھ تیس ہزار روپے کا چیک الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختون خوا کے چیئرمین خالد وقاص چمکنی کے حوالے کیا۔
اس موقع پر پشاور پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کے وائس چیئرمین اور سینیئر ٹی وی ارٹسٹ طارق جمال اور جنرل سیکرٹری و سینئر اداکارہ شازمہ حلیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت خوشی کا مقام ہے کہ فنکار برادری نے آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کی چھتری تلی پشاور کے روڈوں پر کھڑے ہو کر خیبر پختونخوا کے سیلاب زدگان کے لیے چند اکٹھا کیا اور کچھ ہمارے فنکار برادری نے اپنی جیبوں سے اپنے پیٹ کاٹ کر رقم اکٹھی کی جو کل ملا کر پانچ لاکھ 30 ہزار روپے بنتی ہے وہ آج ہم الخدمت فاؤنڈیشن کو پیش کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فنکار برادری کے دل بھی اپنے خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدگان کے دلوں کے ساتھ برابر دھڑک رہے ہیں اور ان کا درد ہم محسوس کرتے ہیں۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین خالد وقاص چمکنی نے بھی خطاب کرتے ہوئے آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن جہاں بھی ہو فنکار برادری کی بلا تفرق خدمت جاری رکھے گی ۔
اس موقع پر خالد وقاص چمکنی نے آرٹسٹوں کو پیشکش کی کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی چھتری تلے ہونے والا سکل ڈیویلپمنٹ پروگرام “بنو قابل” میں فنکار برادری کے بچوں کو اور فنکاروں کو آئی ٹی سکل کی تعلیم دی جائے گی اور اس کے لیے الخدمت کے دروازے ہر وقت ان کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ معاشرے کا ایک پسا ہوا طبقہ اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کی مدد کے لیے میدان میں اترا ہوا ہے اور آج انہوں نے پانچ لاکھ تیس ہزار کا نہیں بلکہ پانچ کروڑ 30 لاکھ کا چیک دیا ہے۔
آخر میں انہوں نے فنکار برادری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔خدمت فاؤنڈیشن کے چیئرمین خالد وقاس چمکنی نے سینئر آرٹسٹ طارق جمال کو الخدمت کا ایمبیسڈر مقرر کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور جلسے کی تیاریوں میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال
تقریب میں خیبر پختونخواہ کے طول و عرض تعلق رکھنے والے سینئر فنکاروں نے بھرپور شرکت کی اور سیلاب زدگان کی بہترین خدمات پر الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کیا۔





