بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پیر دل خیل روڈ پر کارروائی کے دوران دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد پیر دل خیل روڈ پر آئی ای ڈی نصب کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
جیسے ہی سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر جاری رہا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران دو مبینہ دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا ہے جسے تحویل میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ان کے نیٹ ورک تک رسائی کے لیے تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔
ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی نے شہر کو ایک بڑے سانحے سے محفوظ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور:آرٹسٹ ایکشن فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کی امدادی رقم الخدمت فاؤنڈیشن کے حوالے کر دی
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عوام کے امن اور سکون کو خراب کرنے کی کوشش میں ہیں، لیکن سیکیورٹی ادارے ہر وقت چوکس ہیں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیںجبکہ واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔





