اپر کوہستان کے 40 ارب روپے کے بڑے مالیاتی سکینڈل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، مقدمے میں نامزد چار ملزمان نے قومی احتساب بیورو کے ساتھ پلی بارگین کے لیے احتساب عدالت میں درخواستیں دائر کر دی ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق پلی بارگین کے لیے درخواستیں دینے والوں میں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کلرک قیصر اور ان کے تین بینامی دار شامل ہیں، ان بینامی داروں میں قیصر کی اہلیہ سمیت دو دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اپنی درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنے اور اپنے ذمے واجب الادا رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے پیش کی گئی رقم اور اثاثہ جات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد چیئرمین نیب کی منظوری سے پلی بارگین کو حتمی شکل دی جائے گی۔
نیب کے مطابق ملزم قیصر اس سکینڈل کے مرکزی کرداروں میں شامل ہے جس نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے اپر کوہستان کی فرضی ترقیاتی سکیموں کے نام پر 40 ارب روپے نکلوائے۔
ذرائع کے مطابق ان سکیموں کا عملی طور پر کوئی وجود نہیں جبکہ رقوم مکمل طور پر نکالی جا چکی ہیں۔
قیصر نے اپنے، اپنی اہلیہ اور دیگر رشتہ داروں کے نام پر اربوں روپے کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بنائے۔ اب وہ ان بینامی داروں سمیت پلی بارگین کے لیے آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ایم ایز کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فنڈز کی فراہمی شروع
ذرائع کے مطابق نیب اس حوالے سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد چیئرمین نیب کی منظوری سے پلی بارگین کے عمل کو آگے بڑھائے گا۔





