وزیراعظم شہباز شریف آج لندن میں طبی معائنہ کروائیں گے

وزیر اعظم شہباز شریف آج لندن میں اپنا طبی معائنہ کرائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم دو روز مزید لندن میں قیام کریں گے اور دورانِ قیام ان کے متعدد سرکاری اور غیر سرکاری وفود سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔

قبل ازیں لندن میں سمندر پار پاکستانیوں سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت چند سال قبل ہچکولے کھا رہی تھی مگر اب مستحکم ہو رہی ہے اور یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا’’یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ہر ٹیم کا کپتان ضرور ہوتا ہے اگر گیارہ کھلاڑی کچھ نہ کریں تو اکیلا کپتان کیا کر سکتا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عسکری، معاشی اور سفارتی محاذ پر بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آج کے طبی معائنے کے علاوہ وزیراعظم کی ملاقاتوں میں ملکی امور، بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور شامل ہیں۔ لندن میں ان کے دورے کے دوران اہم سفارتی ملاقاتیں اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مزید نشستیں متوقع ہیں۔

وزیراعظم کے قیام کے دوران جاری رہنے والی سرگرمیوں اور میڈیکل رپورٹس کے بارے میں سرکاری بیانات موصول ہوتے ہی تفصیل شائع کی جائے گی۔

Scroll to Top