پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

ملک میں مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے ایک اور بری خبر، یکم اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئل انڈسٹری ذرائع کے مطابق مختلف مصنوعات کی قیمتوں میں 1.97 روپے سے لے کر 4.65 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1.97 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے۔ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.48 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 1.76 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔مٹی کے تیل (Kerosene Oil) کی قیمت میں سب سے زیادہ، یعنی 4.65 روپے فی لیٹر اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق، اوگرا (OGRA) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے سمری پیٹرولیم ڈویژن کے ذریعے وزارتِ خزانہ کو بھیجی جائے گی، جس کے بعد وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 16 ستمبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا تھا، تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.78 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔عوامی حلقوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ مہنگائی کی نئی لہر کو جنم دے سکتا ہے، جو کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنے گا۔

Scroll to Top