محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ٹیم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ٹیم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹر راشد لطیف نے ایشیا کپ کی ٹرافی وصول نہ کرنے پر بھارتی ٹیم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کی کرکٹ ٹیم پر شدید تنقید کی اور کہا کہ بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا، جو کہ معطلی کا واضح کیس ہے۔

راشد لطیف نے کہا کہ اگر یہ واقعہ کسی اور کھیل میں ہوتا تو فوری کارروائی ہوتی، لیکن چونکہ آئی سی سی کے چیئرمین، سی ای او، سی ایف او، کمرشل چیف اور ہیڈ آف ایونٹس و کمیونیکیشن سمیت اعلیٰ عہدیدار سب بھارتی ہیں، اس لیے بھارتی ٹیم کی معطلی کے امکانات تقریباً ناممکن ہیں۔

انہوں نے اس واقعے کو کرکٹ کے لیے ایک بدنما دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم نے کھیل کے اصولوں اور سپورٹس مین شپ کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، اور ان کے رویے پر سخت احتساب ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کرتے ہوئے اسے میدان سے واپس منگوا لیا تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی اس معاملے میں ایشین کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کی سخت تنقید کی گئی اور فرضی ٹرافی کی تصاویر شیئر کرنے پر بھی صارفین نے سوالات اٹھائے کہ جب اصل ٹرافی نہیں ملی تو فرضی تصاویر بنانے کا مقصد کیا تھا۔

ایشیا کپ کے ایونٹ میں کلدیپ یادیو کو بہترین بولر اور ابھیشک شرما کو مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا تھا۔

Scroll to Top