علیمہ خان کو پارٹی چیئرمین بنانے کی منظم مہم چلائی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ علی امین

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پارٹی میں پھیلتی مایوسی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے اقدامات کی بجائے اختلافات کو ہوا دی جا رہی ہے۔

یہ بات علی امین گنڈا پور نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں انہوں نے عمران خان کو پارٹی میں جاری گروپ بندیوں اور مفادات کی جنگ سے آگاہ کیا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مختلف وی لاگرز اختلافات کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور علیمہ خان ان وی لاگرز کا ساتھ دے رہی ہیں۔

مزید کہا کہ حفیظ اللہ نیازی ایسے آرٹیکلز لکھ رہے ہیں جن میں علیمہ خان کو وزیراعظم اور پارٹی کا چیئرمین بنانے کی مہم چلائی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور سمیت مختلف شہروں میں آٹا ایک بار پھر مہنگا، عوام پریشان

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر بجٹ نہ پاس کیا جاتا تو وہ قانونی طور پر نااہل ہو جاتے اور حکومت کا خاتمہ ہو جاتا۔ انہوں نے اس موقع پر پارٹی کو درپیش مسائل اور اختلافات پر بانی پی ٹی آئی کو مکمل بریفنگ دی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارٹی کی یکجہتی اور قائد کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور مایوسی پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Scroll to Top