سوشل میڈیا پر جعلی خبریں ہھیلانے والے ہوشیار، خیبر پختونخوا پولیس کی سخت ہدایات جاری

سوشل میڈیا پر جعلی خبریں ہھیلانے والے ہوشیار، خیبر پختونخوا پولیس کی سخت ہدایات جاری

خیبر پختونخوا پولیس نے صوبہ بھر میں جعلی خبریں اور پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا انتباہ جاری کردیا ۔ 

پشاور: خیبر پختونخوا میں جعلی خبروں، گمراہ کن معلومات اور ایڈٹ شدہ ویڈیوز کے ذریعے معاشرے میں خوف و ہراس اور انتشار پھیلانے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔

پشاور پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت این سی سی آئی اے کے ذریعے فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ہدایت نامے کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فیک نیوز کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے اور بے یقینی کی فضا پیدا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

پولیس حکام کے انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ غلط پروپیگنڈے کا مؤثر انداز میں تدارک کیا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر عثمان انور کی بطور آئی جی خیبر پختونخوا تعیناتی کی خبر اور نوٹیفکیشن جعلی ہیں

حکام کی جانب سے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خبر، ویڈیو یا معلومات کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی مکمل تصدیق ضرور کریں۔

واضح رہے کہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی قانون کی پاسداری اتنی ہی لازمی ہے جتنی کہ عام زندگی میں اور غیر مصدقہ مواد پھیلانے والے افراد کو کڑے قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Scroll to Top