خواجہ آصف کا اسد قیصر کو جواب: عدم اعتماد کی باتیں چھوڑیں، پہلے اپنے گھر سنواریں

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدم اعتماد کی بات کرنے سے پہلے اپنے سیاسی گھر کی صفائی کریں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں، اسد قیصر کو چاہیے کہ وہ اپنے گھر کی خبر لے، ہمارا گھر ہم سنبھال لیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میںخواجہ آصف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہروں کے معاملے پر اختلافات پیدا ہوئے تھے جو مل کر طے کیے گئے ہیں، اور پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی قیادت ان معاملات کو بخوبی سنبھال لے گی۔

انہوں نے مریم نواز کو پارٹی کی مستقبل کی قیادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کم کرنے میں آصف زرداری ماہر ہیں، اور ان کا طویل تجربہ تصادم سے گریز کا باعث ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ تصادم نہیں چاہتی اور شہباز شریف کے ملک واپسی پر تمام معاملات حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بتایا کہ ان کی طبیعت اب بہتر ہے، اور ان کی غیر موجودگی پر کی جانے والی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایمل ولی خان کی گرفتاری کی افواہیں غلط ہیں، قریبی ذرائع

خواجہ آصف نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف سے فائدہ اٹھانے والے اب ان کے بارے میں غلط باتیں کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان جاری لفظی تنازع کے دوران تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے قومی اسمبلی اجلاس میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی فرینڈلی فائر نہ کرے، جرات کرے اور حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے آگے آئے۔

Scroll to Top