محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے چند علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گردونواح سمیت پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے، جو ممکنہ بارش کی علامت ہے۔
بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، تاہم موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔
سب سے زیادہ بارش آزاد کشمیر کے مظفرآباد میں ریکارڈ کی گئی جہاں سٹی ایریا میں 61 ملی میٹر اور ایئرپورٹ پر 30 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دیگر علاقوں میں کوٹلی میں 30 ملی میٹر، راولا کوٹ میں 23 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ میں 11 ملی میٹر، شیخوپورہ میں 22، گجرات 20، سیالکوٹ (ایئرپورٹ 14، سٹی 12)، حافظ آباد 13، منگلا 12، جہلم 10، نارووال 6، ملتان ایئرپورٹ 4 اور گوجرانوالہ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورت حال پر نظر رکھیں اور بارش کی صورت میں حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔





