پشاور:خیبرپختونخوا کی سیاست میں اہم پیش رفت کے بعد سہیل آفریدی کو صوبے کا نیا وزیر اعلیٰ نامزد کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی رہائش گاہ پر مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔
پارٹی کارکنوں، عوام، رشتہ داروں اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد مبارک باد پیش کرنے سہیل آفریدی کے گھر پہنچ رہی ہے۔
سیاسی منظرنامے میں اچانک آنے والی اس تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی نہ صرف پارٹی حلقوں بلکہ صوبے بھر میں مرکزِ نگاہ بن گئے ہیں۔
عوامی سطح پر ان کی نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر قبائلی اضلاع میں اس فیصلے کو تاریخی اہمیت دی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی کے کزن داؤد آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ کے لیے نامزدگی قبائلی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے لیے فخر کی بات ہے۔ یہ لمحہ ہمارے خاندان کے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کی خبروں پر اپوزیشن متحرک، اہم مشاورت آج ہوگی
انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور انہیں امید ہے کہ نئے وزیراعلیٰ صوبے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
سیاسی تجزیہ کار اس تبدیلی کو آنے والے دنوں میں خیبرپختونخوا کی سیاست میں نئی صف بندی سے تعبیر کر رہے ہیں، جبکہ عوامی سطح پر اس فیصلے کو قبائلی علاقوں کی شمولیت اور نمائندگی کے حوالے سے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔





