غزہ / واشنگٹن: اسرائیل اور حماس نے امریکا کے مجوزہ امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے، جس کا مقصد غزہ میں جاری جنگ بندی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تاریخی قدم ہے جس کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ اسرائیلی افواج طے شدہ حد تک غزہ سے انخلا کریں گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ پائیدار امن کے سفر کی پہلی بڑی پیش رفت ہے، جس میں تمام فریقین کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے گا۔
انہوں نے قطر، مصر اور ترکی کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دن عرب دنیا، اسرائیل اور امریکا سمیت پورے خطے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ادھر قطری وزارت خارجہ نے بھی معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں جنگ بندی، اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی، اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی شامل ہے۔ معاہدے کی مکمل تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق مکمل جنگ بندی معاہدے کا باقاعدہ اعلان آج کسی بھی وقت متوقع ہے۔





