اسلام آباد اور کوئٹہ کے ہوائی اڈوں پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک روانگی کی کوشش کرنے والے چار افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ایک افغان خاتون بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر راولپنڈی امیگریشن اسٹاف نے تین مسافروں کو مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر پرواز سے روک دیا۔ زیر حراست افراد میں سلمان خان، بادشاہ خان اور خاتون مسافر آرمغان بلخی شامل ہیں۔
سلمان خان کا تعلق سوات جبکہ بادشاہ خان دیر سے ہے۔ سلمان خان پرواز PF-718 سے عمرہ ویزا پر سعودی عرب جا رہا تھا، تاہم اس کے پاسپورٹ پر سربیا کا جعلی ویزا چسپاں پایا گیا۔ دوسری جانب بادشاہ خان نے بحرین جانے کے لیے PK-187 کی پرواز بک کروائی تھی، مگر اس کے موبائل فون سے اٹلی کا جعلی ریزیڈنٹ کارڈ برآمد ہوا۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ 2023 میں بھی غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان اور لیبیا کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کر چکا تھا، جہاں سے اسے گرفتار کر کے رواں سال پاکستان ڈیپورٹ کیا گیا۔
خاتون آرمغان بلخی، جو افغانستان کی شہری ہیں، پرواز PK-749 سے فرانس جا رہی تھیں۔ ان کے زیر استعمال سوئس ریزیڈنٹ کارڈ جعلی ثابت ہوا۔
ایف آئی اے اسلام آباد نے تینوں افراد کو تفتیش اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب کوئٹہ ایئرپورٹ پر بھی ایف آئی اے امیگریشن نے ایک شخص کی مشکوک حرکتوں پر کارروائی کی۔ کلیم کمال نامی مسافر، جو کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے، آذربائیجان جانے کی کوشش میں جعلی اور چھیڑے گئے سفری دستاویزات کے ساتھ پکڑا گیا۔ اس کے پاسپورٹ میں ویزا صفحات تبدیل کیے گئے تھے، جب کہ پولینڈ کا جعلی ویزا اسٹیکر بھی اس سے برآمد ہوا۔
ملزم کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ کے حوالے کر دیا گیا۔





