وزیراعلی خیبرپختونخوا کا انتخاب پیر کو ہوگا، سلمان اکرم راجہ

شاہد جان

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نےکہا ہےکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کا انتخاب 13اکتوبر بروز پیر کو ہوگا،پارٹی کی جانب سے سہیل آفریدی کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی ایک پرعزم اور باصلاحیت نوجوان ہیں جو پہلی بار قبائلی علاقے سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ بننے جا رہے ہیں۔ اُن کی قیادت میں خیبرپختونخوا ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوگا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو موصول ہو چکا ہے، جس کی باقاعدہ تصدیق گورنر نے اپنے ٹویٹ میں بھی کی ہے۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے استعفے کی رسید بھی جاری کر دی گئی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ آئین کے آرٹیکل 130 کی شق 8 کے تحت وزیراعلیٰ کے لیے استعفیٰ دینا ہی کافی ہوتا ہے اس کے لیے گورنر کی منظوری ضروری نہیں،وزیراعلیٰ گورنر کا ماتحت افسر نہیں جو اس کے استعفے کی منظوری کا انتظار کرے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب جمہوری اور پارلیمانی عمل کا حصہ ہے کوئی بھی پارٹی یا حکومت اس عمل کو آئینی دائرے میں رہتے ہوئے انجام دے سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی جس میں نئے چہرے شامل ہوں گے، نئے وزیراعلیٰ سے حلف لینا گورنر کی آئینی ذمہ داری ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے امید ظاہر کی کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبہ امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا،ہم دعا کرتے ہیں کہ اس خطے سے خونریزی ختم ہو اور ہم دہشتگردوں کے لیے کسی قسم کا نرم گوشہ نہیں رکھتے۔

Scroll to Top