ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور ان علاقوں میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ چترال، دیر، کوہستان، سوات، مالاکنڈ اور کرم کے بعض حصوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں سرد موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیالکوٹ اور مضافات میں رات کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہا، تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی کا زور برقرار رہا۔

دوسری جانب کراچی میں دن کے وقت گرمی اور رات کے وقت خنکی کی وجہ سے موسمی بیماریوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ دمہ، الرجی، بخار اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق فضا میں گرد آلود ذرات، کچرا جلانے کا عمل اور صفائی کے ناقص انتظامات ان بیماریوں کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات ہیں۔ شہر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ملیریا، ڈینگی، بخار اور دمہ کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

Scroll to Top