ستمبر پی ٹی آئی لانگ مارچ: پشاور پولیس کو تمام تر سیاسی سرگرمیوں اور معاونت سے دور رہنے کی سخت ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے پیش نظر پشاور پولیس انتظامیہ نے تمام افسران اور اہلکاروں کے کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اس سلسلے میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور نے ایک اہم مراسلہ جاری کیا ہے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 14 ستمبر 2026 کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی سی پی او کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پولیس فورس کا کوئی بھی اہلکار کسی بھی مارچ، ریلی یا جلسے میں شرکت نہیں کرے گا اور نہ ہی سیاسی سرگرمیوں کی براہِ راست یا بالواسطہ طور پر کوئی معاونت کی جائے گی۔

مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری گاڑیوں، مشینری اور دیگر تمام سرکاری وسائل کو کسی بھی سیاسی اقدام کے لیے استعمال کرنے کی مطلق اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی پولیس اہلکار کسی عام شہری کو کسی سیاسی مارچ یا جلسے میں شرکت کے لیے مجبور کریں گے۔

مراسلے کے مطابق اگر کسی سیاسی رہنما یا عوامی نمائندے کی جانب سے کسی قسم کا دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جائے تو متعلقہ افسران فوری طور پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

پولیس فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی نوعیت کے معاملات میں خود سے فوری مداخلت سے گریز کریں اور فوری رپورٹ جمع کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور مجوزہ پولیس ایکٹ کے خلاف کھل کر میدان میں آگئے

مراسلے میں افسران کو خبردار کیا گیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں و افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی جس میں ملازمت سے برطرفی جیسی بڑی سزائیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top