پاکستانی وفد کی آج افغانستان روانگی، دوطرفہ تجارت سمیت اہم امور پر مشاورت ہو گی

پاکستانی وفد کی آج افغانستان روانگی، دوطرفہ تجارت سمیت اہم امور پر مشاورت ہو گی

پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد آج افغانستان روانہ ہو رہا ہے، جہاں افغان حکام کے ساتھ دوطرفہ تجارت، بارڈر مینجمنٹ اور باہمی تعاون جیسے اہم امور پر مشاورت کی جائے گی۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز ) کے مطابق دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ’’ون ڈاکومنٹ رجیم‘‘ سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے، جس کا مقصد بارڈر کراسنگ کے نظام کو سہل اور مؤثر بنانا ہے۔ وفد کی ملاقاتوں میں سرحدی نظم و نسق، تجارتی تعاون اور نقل و حرکت کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ ہے اور اس کا حالیہ طورخم بارڈر بندش یا پاک افغان کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی اور اقتصادی روابط کو برقرار رکھنے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

وفد افغان حکام سے ہونے والی مختلف ملاقاتوں میں اعتماد سازی، سیکیورٹی تعاون، تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور سرحدی سہولتوں کو بہتر بنانے پر بھی بات چیت کرے گا۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان بارڈر سیکیورٹی، مہاجرین کی واپسی اور تجارت کے حوالے سے کئی پیچیدہ امور زیرِ بحث ہیں، اور ایسے میں یہ اقدام خطے میں استحکام اور باہمی روابط کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top