محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بعض مقامات پر ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد، جبکہ اسلام آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
ادارے کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ٹھنڈا، جبکہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
مزید برآں، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے کئی اضلاع اسموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز اور ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
متاثرہ اضلاع میں لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ شامل ہیں، جہاں دھند اور اسموگ سے حد نگاہ میں کمی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردیوں کی آمد کے ساتھ فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔





