اسلام آباد: شدید بارش کے باعث ایم-1 پر اسلام آباد مین ٹول پلازہ سے برہان انٹرچینج تک جبکہ ای-35 پر شاہ مقصود انٹرچینج سے برہان انٹرچینج تک مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا۔
متعلقہ حکام کے مطابق دونوں مقامات پر شدید بارش کے باعث مسافر بردار گاڑیوں کی آمدورفت روکی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر سفر میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اطلاع!
مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند ہے۔
مقام: ایم-1، اسلام آباد مین ٹول پلازہ تا برہان انٹرچینج۔
وجہ: شدید بارش۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) September 27, 2026
دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے، جبکہ کئی علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
اطلاع!
مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند ہے۔
مقام: ای – 35، شاہ مقصود انٹرچینج تا برہان انٹرچینج۔
وجہ: شدید بارش۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) September 27, 2026
راولپنڈی میں شدید بارش کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق تمام فیلڈ افسران کو متحرک کردیا گیا ہے، جبکہ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد اور گردونواح میں طوفانی بارش ، مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان
اسلام آباد، راولپنڈی، کوہاٹ، کرک، میانوالی اور دنیا پور سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
جھنگ، چشمہ دریا خان، کچہ گجرات، پیلاں اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ کندیاں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور گلی محلے پانی سے بھرنے کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔
بارش کے باعث کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔





