ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری، رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم تیز ہواؤں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہونے سے اسکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سیکٹر ایف نائن کی مختلف سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔

تیز ہواؤں کے باعث سیکٹر جی ایٹ میں ایک درخت بھی گر گیا، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

وقفے وقفے سے جاری بارش کے پیش نظر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے اضافی عملہ تعینات کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ افسران اور عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور مختلف علاقوں میں نالوں کی صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے۔

شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

راولپنڈی میں واسا ہائی الرٹ

راولپنڈی میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر واسا کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شدید بارش، موٹروے کے مختلف حصوں پر مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ بند

منیجنگ ڈائریکٹر واسا عزیز اللہ خان کے مطابق شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کرکے تمام فیلڈ افسران کو متحرک کردیا گیا ہے۔

نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے، جبکہ ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر ضروری مشینری بھی حساس مقامات پر پہنچا دی گئی ہے۔

واسا حکام کے مطابق نالہ لئی سمیت بڑے نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

واسا کے مطابق سیدپور میں 24 ملی میٹر، گولڑہ میں 12، بوکرہ میں 19، پی ایم ڈی میں 19، شمس آباد میں 18، کچہری میں 10، پیرودھائی میں 20 اور نیو کٹاریاں میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بارش کے دوران نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے واسا کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں، جبکہ کنٹرول روم کے ذریعے بارش اور نکاسی آب کی صورتحال کی مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

Scroll to Top