پشاور: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پولیس کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، صوبائی حکومت کی منظوری کے بعد پولیس کو مختلف نوعیت کی جدید گاڑیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں گشت، تفتیش اور آپریشنز کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق، منظور شدہ گاڑیوں میں 4 اے پی سی، 39 سنگل کیب، 34 ڈبل کیب پک اَپ، 2 ریو، 15 عام پک اَپ اور 7 دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔
یہ گاڑیاں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے پولیس تھانوں کو فراہم کی جائیں گی تاکہ اہلکاروں کو کارروائیوں اور گشت کے دوران سہولت مل سکے۔
وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ “وفاقی حکومت کے غیر معاون رویے کے باوجود صوبائی حکومت پولیس کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارے جوان فرنٹ لائن پر دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں، ان کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔”
یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں 2 دھماکے، ایس پی آپریشنز سمیت 3 پولیس اہلکار شہید
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔ “خیبر پختونخوا پولیس نے ہر مشکل مرحلے پر بہادری سے اپنا کردار ادا کیا ہے اور حکومت اپنے جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ملتوی، الیکشن کمیشن کا اعلامیہ جاری
وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ 1.89 ارب روپے کی لاگت سے بلٹ پروف گاڑیوں کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے، تاکہ پولیس کو جدید سازوسامان سے لیس کیا جا سکے۔
ان کے بقول، “پولیس فورس کو جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط بنانا صوبے میں پائیدار امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہے۔”





