اسلام آباد: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے پانچ سال بعد برطانیہ کے لیے فضائی آپریشن کی بحالی کا اعلان کر دیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے پروازوں کا باقاعدہ آغاز آج (ہفتہ) سے کیا جا رہا ہے، پہلی پرواز اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگی۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اس موقع کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر مانچسٹر شہر کی نمائندگی کے طور پر ایک ہیوی پورٹریٹ بھی آویزاں کیا گیا ہے، جب کہ برطانیہ پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کے گمراہ کن پروپیگنڈے کا بھانڈا پھوٹ گیا، وزارتِ اطلاعات نے حقائق بے نقاب کر دیے
ذرائع کے مطابق تقریب میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف مہمانِ خصوصی ہوں گے، جبکہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے حکام بھی شریک ہوں گے۔
پی آئی اے کے مطابق برطانیہ کے لیے آپریشن کی بحالی سے نہ صرف مسافروں کو براہِ راست سفر کی سہولت میسر آئے گی بلکہ اس اقدام سے قومی ایئرلائن کی بین الاقوامی ساکھ بحال کرنے میں بھی مدد ملے گی۔





