منبر سے امریکہ کو للکارنے والے بند کمرے میں کیا گل کھلاتے رہے؟ فضل الرحمان کی وکی لیکس کیبل پھر سے زیر بحث

امریکی سفارت خانے کے افشا ہونے والے ایک پرانے خفیہ سفارتی مراسلے (وکی لیکس کیبل) کے مندرجات سامنے آنے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے سیاسی بیانیے اور سفارتی روابط کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

قومی اسمبلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی حالیہ تنقید کے تناظر میں سابق امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن کی جانب سے واشنگٹن بھیجی گئی اس رپورٹ کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔

 سفارتی دستاویز کے متن کے مطابق عوامی سطح پر امریکہ اور مغربی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے مولانا فضل الرحمان نے بند کمروں میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران امریکی حکام کے ساتھ مختلف امور پر تعاون اور سیاسی شراکت داری کے حوالے سے گفتگو کی۔

امریکی سفارت خانے کے تبصرے میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو ایک ایسے تجربہ کار سیاسی کھلاڑی (Classic Power Broker) کے طور پر بیان کیا گیا ہے جو ملکی سیاست میں مؤثر کردار اور اقتدار میں شمولیت کے لیے مختلف فریقین کے ساتھ رابطے برقرار رکھتے ہیں۔

افشا ہونے والے مراسلے کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے امریکی سفیر کے ساتھ ملاقات میں اس بات کا اظہار کیا کہ وہ سابقہ قبائلی علاقوں (فاٹا) میں امریکی امدادی ادارے یو ایس ای آئی ڈی (USAID) کے ترقیاتی پروگراموں کی حمایت کرتے ہیں اور آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھیں گے، حالانکہ عوامی اجتماعات میں ان پروگراموں کے حوالے سے ان کا مؤقف مختلف رہا ہے۔

سفارتی رپورٹ میں اس بات کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے واشنگٹن میں منعقد ہونے والے نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں شرکت کے لیے مسلسل تین برس تک دعوت نامے موصول ہونے کے باوجود امریکی ویزا جاری نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا۔

دستاویز کے مندرجات کے مطابق اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی اور مؤقف اختیار کیا کہ مدارس اور انتہا پسندی کے خلاف ان کے بیانات محض امریکی حمایت حاصل کرنے کی کوشش ہیں۔ مزید برآں، رپورٹ میں درج ہے کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ اگر ان کی جماعت کو حکومتی اتحاد میں شامل کیا جائے تو وہ شدت پسند عناصر کو آئینی دائرے میں لانے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اثاثوں کی تحقیقات پر مجرمانہ خاموشی کیوں؟ اگر دامن صاف ہے تو فضل الرحمان نیب سے بھاگنے کے بجائے حساب دیں، سینئر صحافی طارق وحید

سابق امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے مراسلے کے تجزیاتی حصے میں لکھا کہ مولانا فضل الرحمان کا بنیادی سیاسی ہدف ملک کے وزیر اعظم کے منصب تک پہنچنا ہے، اور اسی مقصد کے تحت وہ ایک ہی وقت میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے ساتھ صوبائی سطح پر سیاسی انتظامات، مذہبی حلقوں میں اثر و رسوخ، نواز شریف سے روابط اور امریکی سفارت خانے کے ساتھ مکالمہ جاری رکھے ہوئے تھے۔

Scroll to Top