وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے شہید صحافی ارشد شریف کی والدہ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ ایک بہادر اور عظیم ماں تھیں جنہوں نے سچائی کا علم بلند رکھنے والا بیٹا پروان چڑھایا۔ انہوں نے شہید ارشد شریف کو جری اور بااصول صحافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے صحافی قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مرحومہ کے لیے بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کی قربانی صحافت کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی اور قوم ہمیشہ ارشد شریف اور ان کی عظیم والدہ کو یاد رکھے گی۔
یہ افسوسناک خبر پشاور سمیت ملک بھر میں صحافت اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ و افسوس کا سبب بنی ہے۔





