ہنگو میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل، ایک دہشتگرد ہلاک، بارودی مواد برآمد

ہنگو (پختون ڈیجیٹل):خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس کی بروقت اور شجاعانہ کارروائی کے دوران ایک مسلح دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

واقعہ تھانہ سٹی کے حدود میں بگٹو پولیس چیک پوسٹ پر پیش آیا، جہاں دہشتگرد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار ظفر عدنان زخمی ہو گئے۔

پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ ڈی پی او ہنگو خان زیب مہمند کے مطابق زخمی اہلکار کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او نے کہا کہ پولیس فورس دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور ضلع کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز جاری ہیں، جن میں مشتبہ ٹھکانوں کی نشاندہی اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں۔

اسی طرح تھانہ دوآبہ پولیس کو اطلاع ملی کہ شرپسند عناصر دلن روڈ پر غیر قانونی ناکہ بندی قائم کیے ہوئے ہیں، جس پر البرق کمانڈوز نے فوری آپریشن شروع کیا۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ کی، تاہم جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک اور دیگر زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں شاندار ادبی محفل، شعرا نے محفل سجائی

ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، اور لاش مقامی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس نے علاقے کی مکمل کلیئرنس کے بعد مزید خطرے یا مشتبہ عناصر کے خاتمے کو یقینی بنایا۔

ڈی پی او ہنگو نے پولیس جوانوں کی جرات و بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہنگو پولیس امن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر دم مستعد ہے۔

Scroll to Top