پاکستان نے آئندہ دو روز یعنی 28 اور 29 اکتوبر کو مخصوص اوقات کے دوران اپنی فضائی حدود بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے تمام ایئر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو اس سلسلے میں نوٹم (این او ٹی ایم اے) جاری کر دیا گیا ہے، جس میں فضائی حدود کی عارضی بندش کے اوقات اور دیگر تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ ممکنہ طور پر پاکستان کی سرحد کے قریب بھارتی فوجی مشقوں کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال یا فضائی خطرے سے بروقت بچاؤ ممکن بنایا جا سکے
پی پی اےکی جانب سے جاری نوٹم میں بتایا گیا ہے کہ 28 اور 29 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے 9 بجے تک فضائی حدود بند رہے گی۔ اس دوران کمرشل پروازوں کے لیے خصوصی احتیاطی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ نوٹم کے مطابق، یہ بندش دونوں دنوں میں تین تین گھنٹے کے لیے ہوگی۔
مزید برآں، نوٹم میں وضاحت کی گئی ہے کہ کراچی اور لاہور فلائٹ ریجن کے مخصوص روٹس پر اس دوران پروازیں عارضی طور پر معطل رہیں گی۔ اس کے پیشِ نظر، ایوی ایشن کمپنیوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے شیڈول میں ممکنہ تبدیلیوں کے لیے تیار رہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات فضائی سکیورٹی کو یقینی بنانے اور تمام پروازوں کی محفوظ نقل و حرکت برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ پی اے اے نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پروازوں کے اوقات میں تبدیلیوں سے متعلق بروقت آگاہی فراہم کریں تاکہ مسافروں کے سفری منصوبے متاثر نہ ہوں۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ تمام ایئر لائنز اور مسافر نوٹم اور جاری کردہ معلومات پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی تاخیر یا شیڈول میں تبدیلی کے باعث مشکلات سے بچا جا سکے۔





