پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ٹکٹ دینے پر اعتراضات بے بنیاد، عمر ایوب کی اہلیہ 20 سال سے سرگرم سیاسی ورکر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-18 سے عمر ایوب کی اہلیہ کو پارٹی ٹکٹ دیے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ میرٹ اور سیاسی خدمات کی بنیاد پر کیا گیا۔
ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بعض فیصلے مقامی سطح پر کیے جاتے ہیں، اور عمر ایوب کا حلقہ ملک کے سب سے بڑے حلقوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمر ایوب کی اہلیہ گزشتہ 20 برس سے بطور سیاسی ورکر فعال ہیں اور اپنے علاقے میں سیاسی معاملات سنبھالتی رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ تاثر غلط ہے کہ انہیں مسلط کیا جا رہا ہے، ان کا سیاست سے گہرا تعلق ہے اور وہ ایک حقیقی سیاسی کارکن ہیں۔‘‘
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ پارٹی نے ان کی سیاسی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ دیا، جو ان کا حق بنتا تھا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آیا عمر ایوب نے 9 مئی کیسز میں اپنی نااہلی کی سزا تسلیم کر لی ہے؟اس پر سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ “میری عمر ایوب یا ان کے وکیل سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، مجھے علم نہیں کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا، اس لیے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔”





