فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پراردن پہنچ گئےجہاں انہوں نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات کی ،اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسن بن عبداللہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور شاہ عبداللہ دوم نے باہمی دلچسپی کے امور، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ، اہم علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان کی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے اردن کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
شاہ عبداللہ دوم نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف احمد سے بھی ملاقات کی، جو جنرل ہیڈ کوارٹرز عمان میں ہوئی۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اردنی مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر کے ساتھ گرم جوشی سے استقبال کیا۔





